سرینگر///
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردانہ حملے میں ۲۶ افراد کی ہلاکت پر ہندوستان کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ ہندوستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ کشمیر سے باہر انتہائی پریشان کن خبر ہے۔ امریکہ دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ ’’ہم ہلاک شدگان کی روحوں اور زخمیوں کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔ وزیر اعظم مودی اور ہندوستان کے ناقابل یقین لوگوں کو ہماری مکمل حمایت اور گہری ہمدردی ہے۔ ہمارے دل آپ سب کے ساتھ ہیں! ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر پوسٹ کیا‘‘۔
اس حملے میں پہلگام میں سیاحوں کو نشانہ بنایا گیا، جو سرینگر سے سڑک کے ذریعے تقریباً۹۰کلومیٹر دور واقع ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے موسم گرما میں پہلگام میں ہونے والی اس گھناؤنی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ حملہ آوروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے منگل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی اور متاثرین کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا۔
دہشت گردانہ حملے کے بارے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی سوشل میڈیا پوسٹ کے جواب میں ایکس پر اپنی پوسٹ میں، مسٹر وینس نے کہا’’اوشا اور میں ہندوستان کے پہلگام میں تباہ کن دہشت گردانہ حملے کے متاثرین کے تئیں تعزیت پیش کرتے ہیں۔ پچھلے کچھ دنوں سے ہم اس ملک اور اس کے لوگوں کی خوبصورتی سے مغلوب ہوئے ہیں۔ ہمارے خیالات اور دعائیں اس خوفناک حملے میں ان کے ساتھ ہیں‘‘۔
امریکی نائب صدر ان دنوں ہندوستان کے دورے پر ہیں۔