نئی دہلی//
صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر دہشت گردانہ حملے کو غیر انسانی فعل اور ناقابل معافی قرار دیا ہے ۔
منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں محترمہ مرمو نے کہا، ’’پہلگام، جموں و کشمیر میں سیاحوں پر دہشت گردانہ حملہ چونکانے والا اور تکلیف دہ ہے ۔ یہ ایک سفاکانہ اور غیر انسانی فعل ہے جس کی بلاشبہ مذمت کی جانی چاہیے ۔ میں ان خاندانوں سے دلی تعزیت کرتی ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے اور میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔
قابل ذکر ہے کہ غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق اس حملے میں۲۶ ؍افراد ہلاک اور ۸کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔
دریں اثنانائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے جموں و کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام کے قریب دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے اور ہلاکتوں پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
منگل کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں مسٹر دھنکھڑ نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے خوفناک دہشت گردانہ حملے سے بہت دکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی پرتشدد کارروائیوں کی سخت مذمت کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں میری تعزیت اور دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔