سرینگر//
صحت،طبی تعلیم اور سماجی بہبود کی وزیر سکینہ یتو نے وادی میں حالیہ ژالہ باری سے بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جس نے کولگام اور شوپیاں اضلاع کے کئی علاقوں میں باغات اور کھیتوں کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔
ایتو نے کہا کہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متحرک کر دیا گیا ہے اور انہیں نقصانات کا فوری تخمینہ لگانے اور بروقت معاوضہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
وزیر صحت نے کہا کہ اس موسمی آفت نے ہزاروں باغبانوں اور کاشتکاروں کو بڑا دھچکا پہنچایا ہے ، جن میں سے اکثر اپنی روزی روٹی کیلئے آنے والے فصل پر مکمل انحصار کر رہے ہیں۔
ایتو نے کہا’’ہماری حکومت پوری طرح سے اس مشکل وقت میں کسان برادری کے ساتھ کھڑی ہے ‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقامی نمائندوں اور کمیونٹی لیڈروں کے ساتھ شفاف ہم آہنگی کو ترجیح دیں تاکہ نقصانات کا تخمینہ تیز کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو ضروری معاوضہ دیا جائے ۔
واضح رہے کہ شدید ژالہ باری سے کولگام اور شوپیاں اضلاع کے میوہ باغات کو زبردست نقصان ہوا ہے ۔
دریں اثنا پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’گذشتہ روز ژالہ باری نے پوری وادی میں پھلوں کے باغات کو تباہ کر دیا جس سے کسانوں کو شدید نقصان پہنچا‘‘۔
محبوبہ نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر معائنہ کرنے والی ٹیمیں تعینات کرے تاکہ نقصان کی حد کا اندازہ لگایا جا سکے اور متاثرہ کسانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے ۔