جموں//
جموں کشمیر کے ضلع پونچھ کے لسانہ علاقے میں بدھ کے روز مسلسل تیسرے دن بھی ملی ٹینٹوں کے خلاف تلاشی آپریشن جاری رہا۔
ذرائع کے مطابق، مفرور دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سکیورٹی فورسز نے متعدد جنگلاتی علاقوں کو محاصرے میں لے کر مکمل طور پر سیل کر دیا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق پونچھ کے لسانہ سرنکوٹ میں بدھ کوتلاشی آپریشن کا دائرہ مزید علاقوں تک وسیع کیا گیا۔
تین روز قبل اسی علاقے میں ملی ٹینٹوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا، جس کے بعد فورسز نے جنگلاتی علاقوں کو گھیرے میں لے کر ممکنہ فرار کے تمام راستوں پر سخت نگرانی قائم کر دی۔
فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف نے بدھ کے روز مزید کئی مقامات پر محاصرہ قائم کر کے تلاشی آپریشن شروع کیا۔
دفاعی ذرائع کے مطابق، مفرور ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے ، جن میں ڈرونز اور دیگر نگرانی کے آلات شامل ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں جموں کے جنگلاتی علاقوں میں ملی ٹینٹ سرگرمیوں میں اضافے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر رکھا ہے تاکہ سرگرم دہشت گردوں کو جلد از جلد انجام تک پہنچایا جا سکے ۔