سرینگر//
انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر زون، وی کے بردی نے منگل کے روز پولیس کنٹرول روم، کشمیر میں ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں کشمیر صوبے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق، اس اہم اجلاس میں پولیس، فوج، سی آر پی ایف اور دیگر خفیہ ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران آئی جی پی کشمیر نے موجودہ اور ممکنہ سیکورٹی چیلنجز کے پیش نظر سخت چوکسی برتنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ترجمان نے افسران کو ہدایت دی کہ انٹیلی جنس نیٹ ورکس کو مزید مضبوط بنایا جائے ، حساس مقامات کو مکمل طور پر محفوظ کیا جائے ، اور تمام علاقوں میں مؤثر نگرانی اور تسلط برقرار رکھا جائے ۔
آئی جی پی کشمیر نے گشت میں اضافہ، اہم مقامات پر سیکورٹی اہلکاروں کی نمایاں موجودگی، اور تمام سیکیورٹی اقدامات کے دوران معیاری عملی طریقہ کار (ای او پیز)پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی بھی تاکید کی۔
بردی نے تمام سیکورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے مابین قریبی رابطے اور مؤثر بین ایجنسی کوآرڈینیشن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاری اور جامع حکمت عملی ناگزیر ہے ۔
اجلاس کے اختتام پر آئی جی پی کشمیر نے زور دیا کہ آنے والے ہائی پروفائل پروگرامز کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام اداروں کو متحد ہو کر مؤثر اور مربوط انداز میں کام کرنا ہوگا۔
اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں آئی جی بی ایس ایف، آئی جی سی آر پی ایف، ڈی آئی جی سینٹرل کشمیر، ڈی آئی جی آئی ٹی بی پی، ڈی آئی جی سی آر پی ایف، ڈی آئی جی ایس ایس بی، ڈی آئی جی آر پی ایف، ڈی آئی جی بی ایس ایف، ڈی آئی جی سی آر پی ایف (ساؤتھ رینج)، ایس ایس پی سری نگر، سی آئی ڈی، سی آئی کے ، ایس ڈی آر ایف کشمیر، فوج اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے سینئر افسران نے شرکت کی۔