سرینگر//
اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس (اے این ٹی ایف) کشمیر نے ہفتہ کے روز وادی میں منشیات کی لعنت سے نمٹنے کیلئے اعلی تربیت یافتہ ڈاگ اسکواڈ کو تعینات کیا ہے۔
اے این ٹی ایف نے کہا کہ منشیات کا سراغ لگانے کی تربیت یافتہ سراغ رساں ڈاگ اسکواڈ (نارکوٹکس) ہیروئن، بھنگ اور افیون جیسی غیر قانونی منشیات کی نشاندہی اور ان کا سراغ لگانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ ان انتہائی ہنر مند کتوں کو چیک پوائنٹس، ہوائی اڈوں، سرحدی علاقوں سمیت اہم مقامات پر تعینات کیا جائے گا اور منشیات کے مشتبہ مراکز پر چھاپوں کے دوران تعینات کیا جائے گا۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ یہ اقدام منشیات کی لعنت کے خاتمے اور خطے میں ایک محفوظ اور منشیات سے پاک معاشرے کو یقینی بنانے کے لئے اے این ٹی ایف کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
دریں اثنا گاندربل پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ممنوعہ نشہ آور اشیاء برآمد کر کے ضبط کی ہیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کنگن پولیس نے کچن بل کراسنگ کے نزدیک ناکہ لگایا۔
اس دوران ایک مشتبہ نوجوان نے پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اُسے گرفتار کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ نوجوان کی جامہ تلاشی کے دوران چرس جیسی نشہ آور شے برآمد ہوئی ۔
پولیس نے منشیات فروش کی شناخت شریف الدین چچی ولد غلام محی الدین ساکن چھتر گل کے طور پر کی ہے ۔
دریں اثنا، پولیس نے اس ضمن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
اس دوران جموں میں انسداد منشیات مہم ’آپریشن کلین اپ‘کے تحت پولیس نے مزید ۳۵ منشیات فروشوں کو حراست میں لیا۔اس طرح صرف دو دنوں میں حراست میں لیے گئے منشیات فروشوں کی تعداد بڑھ کر۷۷ ہو گئی ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے کہا’’جموں پولیس ساؤتھ زون کی یہ بڑے پیمانے پر حفاظتی کارروائی منشیات سے متعلق سرگرمیوں اور سڑکوں پر منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کی عکاسی کرتی ہے‘‘۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ مہم ایس ایس پی جموں کی ہدایت پر شروع کی گئی اور ایس پی سٹی ساؤتھ، ایس ڈی پی او ایسٹ اور ایس ڈی پی او ساؤتھ کی نگرانی میں اور ساؤتھ زون کے ایس ایچ اوز اور آئی سی پی پیز کی جانب سے زمینی عمل درآمد کیا گیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا’’آپریشن کا مقصد مقامی سپلائی چینز کو ختم کرنا ہے، خاص طور پر کمزور نوجوانوں کو نشانہ بنانے والوں کو۔ یہ احتیاطی گرفتاریاں گزشتہ روز کی مربوط مہم کی پیروی کرتی ہیں جس کے نتیجے میں ۴۲ منشیات فروشوں کو مختلف دائرہ اختیار میں رکھا گیا تھا‘‘۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ قانون کے مطابق قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔