سرینگر//
محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے ایک ہفتے کے دوران موسم خراب رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔
موسمیات محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں ۳؍اپریل کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران شمالی کشمیر کے پہاڑی علاقوں اور سونہ مرگ زوجیلا محور پر ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں۳؍اپریل کو بعد دوپہر کہیں کہیں ۳۰سے۴۰کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ۴سے۷؍اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ۸؍اپریل کو دوپہر کے بعد شمالی کشمیر کے پہاڑی علاقوں اور سونہ مرگ، زوجیلا محور پر ایک بار پھر ہلکے درجے کے برف و باراں کا امکان ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ وادی میں ۹؍اور۱۰؍اپریل کو موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں جبکہ اس دوران جموں صوبے میں بھی الگ الگ مقامات پر ایسا ہی موسم متوقع ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ۱۱؍اپریل کو بھی موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا پہے اور اس دوران صبح کے وقت پہاڑی علاقوں میں چند ایک مقامات پر ہلکے درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔
محکمہ نے اپنی ایڈوائزری میں مسافروں‘ سیاحوں اور ٹرانسپورٹرں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔کسانوں سے اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں آپریشنز جاری رکھنے کو کہا گیا ہے ۔