سرینگر//
جموں کشمیر پولیس نے ترال میں خود کو پولیس افسر ظاہر کر کے لوگوں سے پیسے بٹورنے والے دو افراد کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے پہنچا دیا۔
پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ محمد الطاف گنائی ولد محمد رمضان گنائی، ساکن ناگین پورہ ترال کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کیا، جو عام شہریوں سے دھوکہ دہی کے ذریعے رقم بٹور رہے تھے ۔
گرفتار شدگان کی شناخت بشیر احمد شیخ ولد محمد جمال شیخ، ساکن سیموہ، اور محمد شفیع ڈار ولد نبی ڈار، ساکن ڈاڈسرہ ترال کے طور پر کی گئی ہے ۔
پولیس کے مطابق، مذکورہ بھتہ خور عام شہریوں کو دھمکا کر ان سے رقم اینٹھ رہے تھے ۔ ان کی مجرمانہ سرگرمیاں اس وقت بے نقاب ہوئیں جب متعدد متاثرین نے پولیس اسٹیشن میں شکایات درج کرائیں۔
پولیس نے واقعے سے متعلق مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔
ترجمان کے مطابق، حقیقی پولیس افسران کسی بھی صورت میں عوام سے رقم کا مطالبہ نہیں کرتے ۔ اگر کوئی شخص خود کو پولیس افسر ظاہر کرے تو اس کی تصدیق قریبی پولیس اسٹیشن میں کریں یا سرکاری ہیلپ لائن کے ذریعے اطلاع دیں۔