کٹھوعہ میں ملی ٹنٹ مخالف آپریشن ۱۲ دنوں سے جاری ‘مفرور ملی ٹنٹوں کی تلاش کیلئے وسیع علاقہ محصور
اودھم پور//
جموں کشمیر کے اودھم پور ضلع میں دو مشتبہ افراد کی گرفتاری کے بعد سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
اودھم پور ریاسی رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) رئیس محمد بھٹ نے کہا’’کل شام ہمیں اطلاع ملی کہ دو مشتبہ افراد کو دیکھا گیا ہے، جس کے بعد ہم نے سرچ آپریشن شروع کیا۔ ہم انہیں تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں… یہ علاقہ دریائے اوجھ کے قریب کٹھوعہ اور اودھم پور سرحد ہے‘‘۔
عہدیدار نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس اہلکار علاقے میں امن برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
ڈی آئی جی کاکہنا تھا’’ہم امن و سلامتی کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ (مشکوک نقل و حرکت کے بارے میں) کسی بھی قسم کی اطلاع فوری طور پر دیں۔‘‘
جموں کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے جنگلاتی علاقے میں مسلسل بارہویں روز بھی ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری رہا۔
معلوم ہوا ہے کہ، سیکورٹی فورسز نے ملی ٹنٹوں کے حامیوں کے خلاف بھی کریک ڈاون کا دائرہ وسیع کر دیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق، کٹھوعہ کے جنگلاتی علاقے میں جمعرات کو بھی تلاشی آپریشن پوری شدت کے ساتھ جاری رہا۔ سیکورٹی فورسز نے چھ سے آٹھ کلومیٹر کے علاقے کو مکمل طور پر سیل کر کے فرار کے تمام ممکنہ راستوں پر سخت پہرہ بٹھا دیا ہے ۔
حکام کے مطابق، ہیلی کاپٹروں، کواڈ کاپٹروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے جنگلاتی علاقے کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے ۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ فوج، این ایس جی، پولیس، ایس او جی، سی آر پی ایف اور بی ایس ایف پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تمام اہم علاقوں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہیں۔
ذرائع نے مزید کہا کہ ناہموار اور گھنے جنگلاتی علاقوں میں اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ملی ٹنٹ بالائی علاقوں کی طرف فرار نہ ہو سکیں۔
سیکورٹی فورسز نے جمعرات کو بلاور، بھدو، گھاٹی اور کوگ منڈلی کے علاقوں میں بھی تلاشی آپریشن کو وسعت دی ہے ۔
حکام کے مطابق، ملی ٹنٹوں کو مدد فراہم کرنے والے اعانت کاروں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق، سیکورٹی فورسز نے اب تک دو درجن سے زائد مقامی افراد سے پوچھ گچھ کی ہے ۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ کٹھوعہ کے گھنے جنگلات میں محصور ملی ٹنٹوں کو مار گرانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کو جلد از جلد انجام تک پہنچایا جا سکے ۔
دفاعی ذرائع کے مطابق، فوج، پولیس، بی ایس ایف، سی آر پی ایف کے ساتھ ساتھ این ایس جی کمانڈوز بھی گھنے جنگلات میں ملی ٹنٹوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ملی ٹنٹوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین کئی مرتبہ آمنا سامنا بھی ہوا ہے ۔
دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملی ٹنٹوںاور ان کے حامیوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا، اور جو کوئی بھی ملی ٹنٹوںکی مدد و اعانت میں ملوث پایا جائے گا، اسے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ۲۷مارچ کو جتھانہ کے راج باغ علاقے میں ہونے والے ایک انکاونٹر کے دوران۴پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ ۲ملی ٹنٹ ہلاک ہوئے تھے ۔