سرینگر//
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پامپور علاقے میں دھان کی کھیت سے ایک پولیس افسر کی گولیوں سے چھلنی لاش بر آمد کی گئی۔
متوفی پولیس افسر کی شناخت فاروق احمد میر ولد عبدالغنی میر ساکن سامبورہ کے بطور ہوئی ہے ۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں اس واقعے کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا’’آئی آر پی کی۲۳ بٹالین سے وابستہ ایس آئی (ایم) فاروق احمد میر ساکن سامبورہ کی لاش اس کے گھر کے نزدیک دھان کی کھیت سے بر آمد کی گئی‘‘۔
ٹویٹ میں مزید کہا گیا’’ابتدائی تحقیقات سے منکشف ہوا ہے کہ وہ گذشتہ شام گھر سے کھیت میں کچھ کام کرنے کی غرض سے نکلا تھا جہاں ان کو جنگجوؤں نے پستول سے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا‘‘۔
اس دوران جاں بحق سب انسپکٹر فاروق احمد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس ضمن میں کمانڈو ٹریننگ سینٹر لیتہ پورہ، پلوامہ میں گلباری کی ایک تقریب منعقد کی گئی۔
گلباری کی تقریب میں فاروق احمد کے رشتہ داروں سمیت مقامی باشندوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔
میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے فاروق احمد کے رشتہ داروں نے بتایا کہ گزشتہ شب قریب آٹھ بجے فاروق احمد کھیتوں کو سیراب کرنے کے لیے گھر سے نکلے اور دیر رات تک واپس نہیں لوٹے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد مرتبہ فون کالز کا جواب نہ دینے کے بعد اہل خانہ میں تشویش پیدا ہو گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ دیر رات تک گھر نہ لوٹنے اور فون کال رسیو نہ کرنے کے بعد اہل خانہ سمیت پڑوسی ان کی تلاش میں گھر سے نکلے۔
لواحقین نے کہا کہ فاروق احمد کی لاش کھیتوں کے نزدیک پائے جانے کے بعد پولیس کو بھی مطلع کیا گیا۔
فاروق احمد کے لواحقین میں معمر والد اور بیوہ کے علاوہ دو دختران اور ایک فرزند شامل ہیں۔ مقامی باشندوں نے فاروق احمد کو شریف النفس، ملنسار قرار دیتے ہوئے ان کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔