سرینگر//
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کے روز وسطی کشمیر کے قصبہ کنگن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بی جے لیڈر اور سابق رکن اسمبلی فقیر محمد خان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی۔
اس دوران زراعت کے وزیر جاوید احمد ڈار اور مشیر ناصر اسلم وانی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
واضح رہے کہ سابق رکن اسمبلی گریز فقیر محمد خان نے۲۰مارچ کو سری نگر میں واقع اپنی سرکاری رہائش گاہ پر مبینہ طور پر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا تھا۔
پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا’’ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ یہ خود کشی کا معاملہ ہے تاہم تمام پہلووں کو مد نظر رکھتے ہوئے تفتیش کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے ‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے دفتر کے’ایکس‘ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا’’سابق رکن اسمبلی فقیر محمد خان، جن کا حال ہی میں انتقال ہو گیا، کی رہائش گاہ پر تعزیت کیلئے آج کنگن، گاندربل کا دورہ کیا‘‘۔
عمرعبداللہ نے کہا’’عوام کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، میرے خیالات اور دعائیں اس مشکل وقت میں ان کے خاندان کے ساتھ ہیں‘‘۔
فقیر محمد خان ولد جمہ خان ساکن گریز بانڈی پورہ نے سال ۱۹۹۶کے اسمبلی الیکشن میں بطور آزاد امیدوار جیت حاصل کی تھی۔
۲۰۲۴کے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے بی جے پی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑا تاہم اپنے مد مقابل امیدوار نذیر گریزی نے ایک ہزار۴۹ووٹوں سے اس نشست پر جیت حاصل کی۔