ہرارے// زمبابوے جولائی سے اگست تک جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے ساتھ تین قومی ٹی-20 سیریز اور دو، دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی میزبانی کرے گا۔
ٹیسٹ سیریز کا آغاز زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے درمیان بلاوایو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔اس کے بعد، دونوں ٹیمیں 14 جولائی سے شروع ہونے والی تین قومی ٹی-20 سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کے ساتھ شامل ہوں گی۔ اس سیریز میں ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف دو، دو بار کھیلے گی، جبکہ فائنل 26 جولائی کو دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان ہوگا۔
زمبابوے ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ کی طرف واپسی کر رہا ہے اور بولاوایو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں نیوزی لینڈ کے ساتھ دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلے گا۔ یہ 2016 کے بعد پہلی بار ہوگا کہ دونوں ٹیمیں طویل ترین فارمیٹ میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔
زمبابوے کرکٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر، گیو مور ماکونی نے کہا: "یہ کئی سالوں بعد ہمارا سب سے بڑا بین الاقوامی ہوم سیزن ہے، اور یہ ہمارے کھلاڑیوں کے لیے دنیا کی دو بڑی کرکٹ طاقتوں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کو آزمانے کا ایک سنہری موقع ہے۔ جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی میزبانی کرنا، نہ صرف ٹیسٹ کرکٹ بلکہ ایک دلچسپ ٹی ٹوئنٹی سہ رخی سیریز کے لیے، زمبابوے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک شاندار موقع ہے۔”