سرینگر//
زراعت اور دیہی ترقی اور پنچایتی وزیر جاوید احمد ڈار نے امسال ریکارڈ توڑ سیاحوں کی آمد کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کی آمد جموں و کشمیر کے تمام لوگوں کیلئے خوش آئند ہے ۔
ڈارنے کہا کہ حکومت جموں وکشمیر میں مزید سیاحتی مقامات کو ترقی دینے کیلئے پر عزم ہے ۔
وزیر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں باغ گل لالہ کھولنے کے موقع پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
ڈار نے کہا’’امسال بھی سیاحوں کی ریکارڈ تعداد متوقع ہے ، جو اس شعبے سے وابستہ لوگوں کیلئے ہی نہیں بلکہ جموں وکشمیر کے تمام لوگوں کیلئے خوش آئند ہے ‘‘۔
وزیرنے مزیدکہا’’حکومت کی کوشش ہے کہ یہاں ہر جگہ ایسے باغ لگائے جائیں جو سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ سکیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ یہاں بہت ساری ایسی جگہیں ہیں جہاں ٹولپ لگائے جا سکتے ہیں۔
ڈار نے کہا کہ حکومت سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہے ۔
زرعی اراضی کو تجارتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا’’موجودہ قوانین پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے ، قانون پہلے سے موجود ہے اور ہم زرعی زمین کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں‘‘۔
کشمیر کی مجموعی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا’’کشمیر میں حالات بہتر ہوئے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ مثبت رجحان جاری رہے گا۔‘‘