سرینگر//
ہندوستانی فوج کی جانب سے پاکستان کے اندر جوابی کارروائی کے بعد جموں و کشمیر بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ، جب کہ تمام حساس اور اہم تنصیبات پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی زیر قبضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جوابی کارروائی کے بعد وادی میں سیکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ، اور خاص طور پر فوجی کیمپوں، ایئر بیسز، سرکاری عمارتوں، ریلوے اسٹیشنوں اور دیگر اہم تنصیبات پر سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔
فوج اور نیم فوجی دستوں کی اضافی نفری کو مختلف اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے ، جب کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو بھی ہر مشتبہ نقل و حرکت پر نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
ایک اعلیٰ سکیورٹی افسر کے مطابق’حالیہ پیش رفت کے تناظر میں خطرات میں اضافے کا خدشہ ہے ، لہٰذا جموں و کشمیر میں تمام حساس مقامات پر ۲۴گھنٹے نگرانی جاری ہے اور ردعمل کی صلاحیت کو چوکس رکھا گیا ہے ‘۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سرحدی اضلاع جیسے پونچھ، راجوری، کپواڑہ اور بارہمولہ میں سکیورٹی مزید سخت کی گئی ہے ، جب کہ شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
ادھر پولیس نے بھی جموں و کشمیر میں تلاشی کارروائیاں، ناکہ بندی اور چیکنگ مہم تیز کر دی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو بروقت روکا جا سکے ۔