جموں//
جموںکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں محکمہ پی ایچ ای میں تعینات ڈیلی ویجروں نے۷۲گھنٹوں کی کام چھوڑ ہڑتال شروع کی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق بی سی روڈ جموں میں جمعے کے روز پی ایچ ای ملازمین نے اپنی مانگوں کو لے کر احتجاجی دھرنا دیا۔
اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو قبل از وقت ہی کام چھوڑ ہڑتال شروع کرنے کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی ایچ ای ڈیلی ویجرز گزشتہ ۲۰سالوں سے مستقلی کا انتظارکر رہے ہیں لیکن سرکار ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے ۔
ان کے مطابق گر چہ عمر عبداللہ کی قیادت والی سرکار نے کمیٹی بھی تشکیل دی تاہم ماضی میں بھی ایسی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جن کی رپورٹ آج تک منظر عام پر نہیں لائی گئی۔
مظاہرین کے مطابق تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق وہ ۷۲گھنٹوں کی کام چھوڑ ہڑتال کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔
وشال شرما نامی ایک ڈیلی ویجر نے کہا’’موجودہ سرکار نے اپنے الیکشن منشور میں ڈیلی ویجروں کی نوکریاں مستقل کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن وقت گزاری کی خاطر کمیٹی تشکیل دی گئی‘‘۔
شرما نے کہاکہ اگر واقعی میں موجودہ سرکار ملازمین کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہوتی تو بجٹ پیش کرنے کے دورا ن ہی ڈیلی ویجروں کو خوشخبری سنائی جاتی لیکن ایسا نہیں کیا گیا لہذا ہمیں حکومت نے ہی سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور کیا ہے ۔
شرما نے مزید کہا کہ اگر سرکار نے جلد از جلد اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں لیا تو ضلع صدرمقامات پر بھی احتجاج میں شدت لائی جائے گی۔