سرینگر//
جموںکشمیر پولیس کے سربراہ نالین پربھات کا کہنا ہے کہ نارکو دہشت گردی میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاون کو وسیع کیا گیا ہے ۔
پربھات نے کہاکہ آنے والے دنوں کے دوران مزید عوامی دربار منعقد کئے جائیں گے ۔
ان باتوں کا اظہار ڈی جی پی نے پلوامہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
ڈی جی پی نے کہاکہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف پولیس نے بڑے پیمانے پر مہم شروع کی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے مطابق نارکو دہشت گردی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان کے مطابق آنے والے دنوں کے دوران جموں وکشمیر میں مزید عوامی دربار منعقد کئے جائیں گے ۔
اس سے قبل پولیس سربراہ نے پلوامہ میں عوامی دربار کے دوران لوگوں کے مسائل سنے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا ۔
پربھات نے کہاکہ لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کی خاطر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔
ٓٓڈی جی پی کے مطابق منشیات کے خلاف پولیس نے جو جنگ شروع کی ہے اس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
پولیس سربراہ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر نظر گزر رکھیں تاکہ سماج میں پھیلائی برائیوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جاسکے ۔
پربھات نے مزید بتایا کہ منشیات کی کھیتی اور اس کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں لوگ پولیس کو مطلع کریں۔جانکاری دینے والے شہریوں کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
دریں اثنامنشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں دو بدنام زمانہ منشیات فروشوں کی۷۵لاکھ روپے مالیت کی جائیدادوں کو نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹنس (این ڈی پی ایس) کی دفعات کے تحت ضبط کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ ایف ۶۸کے تحت کارروائی کرتے ہوئے طارق احمد لون ولد محمد مقبول لون ساکن ستکی پورہ کی ایک کنال زمین ضبط کرلی گئی ہے ۔
ترجمان نے کہا’’جائیداد، جس کی مالیت تقریباً ۶۰لاکھ روپیے ہے ، منشیات کی اسمگلنگ کے ذریعے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی تھی‘‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزم پولیس اسٹیشن سری گفوارہ میں درج این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ۲۰/۸کے تحت ایف آئی آر نمبر۲۰۱۹/۴۸میں ملوث ہے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ نے گلزار احمد راتھر ولد غلام رسول راتھر ساکن واگہامہ کی کمر شل دکانوں کو ضبط کرلیا۔
ترجمان نے کہا’’ضبطی کی یہ کارروائی پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ میں درج این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ۸/۲۰کے تحت ایف آئی آر نمبر۲۰۲۴/۲۲۷میں انجام دی گئی‘‘۔
بیان میں کہا گیا کہ جائیداد، جس کی مالیت۱۵لاکھ روپیے ہے ، کی منشیات سے متعلق سرگرمیوں کی آمدنی کے طور پر تصدیق کی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ سخت کارروائیاں اننت ناگ پولیس کے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے اور منشیات کی غیر قانونی تجارت کی حمایت کرنے والے مالیاتی نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے پختہ عزم کو اجاگر کرتی ہیں۔