سرینگر///
سرینگر پولیس نے سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی کوششوں کا نوٹس لیتے ہوئے ایک شخص کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا ہے ۔
پولیس نے لوگوں سے سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر فرقہ وارانہ مواد پوسٹ کرنے سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے ۔
سری نگر پولیس نے جمعرات کو ’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’سری نگر پولیس نے سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ تقسیم پھیلانے کی کوششوں کو نوٹس کیا‘۔
پولیس نے کہا’’ایک شخص کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا گیا جبکہ دیگر افراد کی شناخت کر لی گئی ہے ‘‘۔
پولیس نے لوگوں سے تاکید کی ہے کہ وہ فرقہ وارانہ مواد پوسٹ کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر انہیں قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس دوران اننت ناگ پولیس نے تمام سوشل میڈیا صارفین کو خبر دار کیا ہے کہ وہ افواہیں یا غیر تصدیق شدہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں۔
پولیس نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ جانکاری اننت ناگ پولیس نے جمعرات کو ’ایکس‘پر ایک پوسٹ کے ذریعے فراہم کی۔
پولیس نے کہا’’اننت ناگ پولیس تمام سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ افواہیں یا غیر تصدیق شدہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں‘‘۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے پوسٹ میں مزید کہا ہے ’’آئیے ذمہ داری سے کام کریں اور امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں مدد کریں۔‘‘