نئی دہلی// ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے آج لوک سبھا میں بتایا کہ ملک کے ہر بڑے شہر کے اسٹیشنوں پر ٹرینوں کی صلاحیت کو بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں مسٹر ویشنو نے کہا کہ ملک کے ہر علاقے سے مہاراشٹر کے پنے شہر تک ٹرینیں چلانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ، اس کے پیش نظر پنے کے چار اسٹیشنوں پر ٹرینوں کی نقل و حرکت کی صلاحیت کو بڑھانے کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح ملک کے ہر بڑے اسٹیشن پر ٹرینوں کی نقل و حرکت کی صلاحیت کو بڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس صلاحیت میں اضافے سے ان اسٹیشنوں پر مزید ٹرینوں کی آمد و روانگی کے انتظامات کیے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج سے جڑے مقامات کو بھارت گورو سرکٹ سے جوڑا جائے گا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے ٹرینوں کو اسٹیشنوں پر روکنے کی درخواستیں آتی رہتی ہیں تاہم اس حوالے سے تکنیکی اور سیکیورٹی وجوہات کو مدنظر رکھ کر فیصلے کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے نقطہ نظر سے ٹریکس کی مرمت ایک بڑا مسئلہ ہے اور اس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔