جموں//
جموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے آج متفقہ طور پر بزنس ایڈوائزری کمیٹی (بی اے سی) کی سفارشات کو منظور کر لیا، جو ایوان کے کاروباری شیڈول سے متعلق ہیں۔
رُکن اسمبلی مُبارک گُل نے اس حوالے سے تحریک پیش کی۔
سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ایڈووکیٹ عبد الرحیم راتھرنے رِپورٹ کو صوتی ووٹ کے لئے پیش کیا جسے تمام اراکین نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
سفارشات کے مطابق ایوان کی کارروائیاں۱۷‘۲۲؍اور۲۴مارچ کو صبح۱۰ بجے شروع ہوں گی اور شام۵بجے اِختتام پذیر ہوں گی جبکہ دوپہر ایک بجکر۳۰منٹ سے ۲بجکر۳۰منٹ تک ایک گھنٹے کا وقفہ ہوگا۔
اِس کے علاوہ ۱۱ ؍اپریل ۲۰۲۵ ء کو طے شدہ گورنمنٹ بزنس کو اَب ۲۵مارچ ء تک رِی شیدول کیا گیا ہے۔
بی اے سی نے کارروائی کو مؤثر اور آسان بنانے کیلئے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ اگر وزرأ گرانٹس کے مطالبات پر تحریری جوابات پڑھ کر سنائیں گے، تو وہ جوابات کو ایوان کے تمام ارکان میں بھی تقسیم کیا جائے گا۔
اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے اسمبلی میں نظم و ضبط کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پارٹی رہنماؤں اور چیف وہپس سے کہا کہ وہ اراکین کو ایوان میں وقار اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ہدایت کریں۔
بی اے سی رپورٹ میں شامل نظر ثانی شدہ قانون ساز کیلنڈر کو بھی متفقہ طور پر منظور کیا گیا ہے۔