سرینگر//
شمالی فوج کے کمانڈر‘ لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے جمعہ کو جموں کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ تعینات فوجیوں سے کہا کہ وہ اپنی چوکسی برقرار رکھیںاور کسی بھی ابھرتے ہوئے سیکورٹی چیلنجوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہیں۔
پی آر او ڈیفنس ‘کرنل عمران موسوی نے کہا کہ وادی کشمیر کے اپنے تین روزہ دورے کے آخری دن، شمالی فوج کے کمانڈر نے ایل او سی کے ساتھ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر سرینگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اوجلا بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
شمالی کمان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’انہوں (لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی) نے کٹھن ترین موسمی حالات میں فوجی جوانوں کی بے لوث خدمات اور حوصلے کی سراہنا کی‘‘۔
سرحد پر تعینات اہلکاروں سے بات چیت کے دوران شمالی کمان کے کمانڈر نے کہاکہ سخت ترین موسمی صورتحال اور دیگر چیلنجوں کے باوجود فوجی جوان اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فوج کی کاوشوں کے نتیجے میں ہی لائن آف کنٹرول پر اس وقت امن و امان قائم ہے ۔
فوجی کمانڈر نے سرحد پر تعینات جوانوں کو بتایاکہ امن دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سرحد پر مزید چوکسی برتنے کی ضرورت ہے ۔
اس سے قبل چنار کور کے کمانڈر نے انہیں سری نگرہیڈ کوارٹر پر سیکورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے کہا’’ فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی نے چنار کور کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور انہیں سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی‘‘۔
فوجی افسر کا یہ دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب فوج نے جنگجو مخالف آپریشنز تیز کر دئے ہیں اور فوج نے ماہ رواں کے پہلے ہی دس دنوں کے اندر ایک درجن سے زائد جنگجووں کو مختلف انکاؤنٹروں کے دوران ہلاک کردیا ہے ۔