سرینگر//
انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر، وجے کمار نے جمعہ کو کولگام انکاؤنٹر کو’اہم‘ قرار دیا کیونکہ اس آپریشن میں اسکول ٹیچر رجنی بالا کے قتل میں ملوث دہشت گرد مارے گئے ۔
کمار نے کہا’’کولگام انکاؤنٹر ایک اہم ہے، کیونکہ دہشت گرد ۳۱مئی کو (کولگام کے گوپال پورہ علاقے میں) اسکول ٹیچر رجنی بالا کے قتل میں ملوث تھے۔ ہم تب سے دہشت گرد کا سراغ لگا رہے تھے… کل، دو اور دہشت گرد مارے گئے‘‘۔
رجنی بالا کو ۳۱ مئی کو کشمیر کے کولگام ضلع کے گوپال پورہ علاقے کے ایک ہائی اسکول میں دہشت گردوں نے ہلاک کردیا تھا۔
آئی جی پی کشمیر کاکہنا تھا’’کل اننت ناگ اور کولگام انکاؤنٹر کے بارے میں مشترکہ بات یہ تھی کہ متاثرین خواتین تھیں۔ ایک سیاسی کارکن اور دوسرا استاد۔ سکیورٹی فورسز نے ملوث دہشت گردوں کو ختم کیا ۔ کولگام میں تیسرے دہشت گرد کی تلاش جاری ہے‘‘۔
پولیس نے بتایا کہ دہشت گرد تنظیم حزب المجاہدین سے وابستہ تین دہشت گرد، جن میں گزشتہ ماہ ایک استاد کے قتل میں ملوث ایک دہشت گرد بھی شامل ہے، جمعرات کو جموں و کشمیر کے کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں انسداد دہشت گردی کی دو کارروائیوں میں مارے گئے۔
کمار نے کہا ’’اننت ناگ انکاؤنٹر میں حزب المجاہدین دہشت گرد تنظیم کے دو دہشت گرد مارے گئے۔ ان میں سے ایک جنید بھٹ جون۲۰۱۸ سے سرگرم تھا‘‘۔
دوسرے مارے گئے دہشت گرد کی شناخت حزب المجاہدین دہشت گرد تنظیم کے باسط بھٹ کے طور پر ہوئی ہے۔
کمار نے مزید کہا’’دہشت گرد باسط ۲۰۲۱ میں اننت ناگ میں بی جے پی کے سرپنچ رسول ڈار اور ان کی بیوی، ایک پنچ کے قتل میں ملوث تھا‘‘۔
۱۴ جون کو، کولگام کے مشی پورہ علاقے کے ایک گاؤں میں دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے ایک آر آر کے ساتھ مذکورہ علاقے میں محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔جیسے ہی مشترکہ پارٹی مشتبہ جگہ کی طرف بڑھی تو چھپے ہوئے دہشت گردوں نے سرچ پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کا مشترکہ فورسز نے موثر جواب دیا۔
ایک پولیس بیان میں کہا گیا’’سیکورٹی فورسز کے ساتھ ابتدائی فائرنگ کے تبادلے کے بعد، دہشت گرد مشی پورہ کے عام علاقے میں جانے میں کامیاب ہو گئے۔ تاہم، انہوں نے محاصرے کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی لیکن گھیرا مضبوطی سے برقرار رہا اور انہیں پکڑنے کے لیے پچھلے دو دنوں سے تلاش جاری تھی‘‘۔
جمعرات کو چھپے دہشت گردوں کے ساتھ دوبارہ رابطہ قائم ہوا اور مقابلہ دوبارہ شروع ہوا۔ اس کے بعد ہونے والے تصادم میں اب تک حزب تنظیم کے دو دہشت گرد مارے گئے۔پولیس نے بتایا کہ مارے گئے دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت موہن پورہ کولگام کے زبیر صوفی کے طور پر کی گئی ہے‘ جو۳۱ مئی ۲۰۲۲ کو خاتون ٹیچر رجنی بالا کے قتل میں ملوث تھا۔دوسرے مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔پولیس نے مزید کہا کہ آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔
مزید برآں، جمعرات کی دوپہر کو فورسز کی طرف سے اننت ناگ کے ہنگل گنڈ علاقے میں ایک اور انسداد دہشت گردی آپریشن شروع کیا گیا جس میں اب تک ایک دہشت گرد مارا گیا ہے اور آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔