ترال//
جموں و کشمیر میں ترال خوبصورت پہاڑیوں کے دامن میں واقع ہے اور یہ مقام جنوبی کشمیر کے اہم ترین علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ گزشتہ کچھ برسوں کے دوران ترال کی آبادی میں کافی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے یہاں گاڑیوں کی تعداد میں بھی ہوشربا اضافہ ہوا، یہاں آئے دن ٹریفک کے مسائل سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور یہ اب انتظامیہ کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔
ترال ٹاون میں صبح و شام کے اوقات میں ٹریفک جام عام بات ہے جس کی وجہ سے عوام خاص طور پر طلباء و سرکاری ملازمین کو سخت دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مانا جارہا ہے کہ علاقہ میں جدید خطوط پر ٹاون پلاننگ کی عدم موجودگی، پارکنگ کیلئے مناسب انتظامات نہ ہونا اور دکانداروں کی جانب سے سڑک پر سامان رکھنے کی وجہ سے ٹریفک مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔
رمضان المبارکے آغاز کے ساتھ ہی ترال میں ٹریفک مسائل میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ روزانہ ٹریفک جام سے عوام کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ایسے میں ترال میونسپل کمیٹی کے افسران کی خاموشی پر شہریوں کی جانب سے ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔
ایک شہری نے بتایا کہ ترال میں واقع اہم اسپتال کی روڈ پر بھی اکثر ٹریفک جام رہتا ہے جس کی وجہ سے ہنگامی حالات میں بیماروں کو منتقل کرنے میں کافی مشکلات درپیش آتی ہیں۔ یہاں سڑک پر دونوں جانب غیرقانونی پارکنگ کی وجہ سے حادثات پیش آتے ہیں۔ ایک اور شہری نے بتایا کہ ترال میں ٹریفک جام کی وجہ سے ایمبولنس اور فائر سرویسس کی گاڑیوں کو ہنگامی حالات میں کافی مشکلات پیش آتی ہے جس کی وجہ سے جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہروقت لگا رہتا ہے۔ ان سب کے باوجود انتظامیہ کی خاموشی پر سوال اٹھائے جارہے ہیں۔
وہیں میونسپل کمیٹی ترال کے ایک افسر عبدالسلام نے بتایا کہ علاقہ میں دو مقامات پر پارکنگ کی مناسب سہولت کا انتظام کیا گیا ہے لیکن بدقسمتی سے مقامی لوگ، دکاندار اور ملازمین سڑکوں پر گاڑیاں پارک کرتے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔ ترال کے عوام نے ٹریفک کے مسائل سے فوری طور پر نجات دلانے کا انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے۔