اننت ناگ//
ملک کے دیگر حصوں کی طرح جموں و کشمیر میں بھی ہولی کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں بھی کشمیری پنڈتوں کی جانب سے ہولی کا تہوار بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ ویسو قاضی گنڈ کے نیشنل ہائی وے کے قریب قائم کے پی کالونی میں مقیم کشمیری پنڈتوں نے بارشوں کے درمیان ہولی کا تہوار بڑے جوش و جذبہ کے ساتھ منایا۔
کالونی میں پی ایم پیکیج کے تحت کام کرنے والے سرکاری ملازمین کے کئی خاندان مقیم ہیں، ہولی کا تہوار منانے کے لئے کشمیری پنڈت اپنے بال بچوں سمیت کوارٹرز سے باہر آئے اور بارش کے درمیاں ہولی کھیل کر لطف اندوز ہوئے۔ بچوں نے پچکاریوں سے ایک دوسرے پر رنگ پھینک کر ہولی کا مزہ لیا جبکہ مردوں نے رقص کرکے آپس میں مختلف رنگوں سے کھیل کر ہولی منائی۔
اس موقعہ پر کے پی کالونی کی حفاظت پر مامور سی آر پی ایف اہلکاروں نے بھی کشمیری پنڈتوں کے ساتھ ہولی منائی۔ ہولی کے بعد کالونی میں پوجا ارچنا بھی کی گئی اور خصوصی پراتھنا کی گئی۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھی ہولی کے موقع پر جشن منایا گیا۔