سرینگر//
انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وی کے بردی نے منگل کو صوبہ کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایاکہ آئی جی کشمیر وی کے بردی نے پولیس کنٹرول روم کشمیر میں سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ میٹنگ میں تمام اضلاع کے ایس ایس پیز نے شرکت کی۔
ترجمان نے کہاکہ میٹنگ کے آغاز میں ضلعی پولیس آفیسران نے آئی جی کشمیر کو پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے سیکورٹی صورتحال کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔
آئی جی کشمیر نے آفیسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ ملک مخالف سرگرمیوں پر کڑی نظر گزر رکھنے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی گرڈ کو مضبوط کرنے اور رات کے دوران سیکورٹی فورسز کی پیٹرولنگ کو یقینی بنایا جائے ۔
پولیس بیان میں کہا گیا ’’آئی جی پی نے مجموعی سکیورٹی صورتحال کے استحکام کے لئے مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط تعاون ہونے پر زور دیا‘‘۔
ترجمان نے کہا کہ موصوف آئی جی پی نے سکیورٹی ایجنسیوں اور عوام کے درمیان تعاون اور اعتماد کی بنیادوں پر مثبت تعلقات قائم کرنے کے احکامات صادر کئے ۔
آئی جی کشمیر نے ٹیکنیکی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ہیومن انٹیلی جنس کو مزید وسعت دینے کے احکامات صادر کئے تاکہ سماج اور ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔
پولیس کے صوبائی سربراہ نے تمام شرکاکو ہدایت کی کہ وہ ایک مقررہ مدت کے اندر فالو اپ ایکشن رپورٹس جمع کرائیں تاکہ زیر بحث حکمت عملیوں کے موثر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے ۔