سرینگر//
جنوبی ضلع پلوامہ کے لیتر علاقے میں جمعرات کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز نے ایک آئی ای ڈی برآمد کی جس کو بعد میں ناکارہ بنا دیا گیا۔
اس بیچ پولیس نے آئی ای ڈی نصب کرنے کے الزام میں دو ملی ٹینٹ اعانت کاروں کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق جمعرات کی سہ پہر کو آرمولہ لیتر پلوامہ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے شاہراہ کے کنارے پر نصب ایک آئی ای ڈی دیکھی ۔
ذرائع نے کہاکہ آئی ای ڈی دیکھنے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی نقل حمل روک دی گئی اور بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم کو جائے موقع پر طلب کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں بم ناکارہ بنانے والی ٹیم نے اس آئی ای ڈی کو بغیر کوئی نقصان پہنچائے ناکارہ بنا دیا جس کے بعد ٹریفک کی نقل وحمل بحال کردی گئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ آئی ای ڈی پندرہ کلو وزنی تھی اور ایک بڑے حادثے کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا گیا۔
دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ملی ٹینٹوں نے آرمولہ لیتر پلوامہ علاقے میں ایک آئی ای ڈی نصب کی تھی جس کو مستعد سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے وقت رہتے ناکام بنایا۔انہوں نے کہاکہ اس واقعے میں ملوث دو ملی ٹینٹ معاونین کو حراست میں لیا گیا ہے ۔