سرینگر//
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا نے جمعرات کو شری امر ناتھ جی یاترا کے لئے آنے والے یاتریوں کی سہولیت کیلئے آن لائن ہیلی کاپٹر بکنگ سروس لانچ کی۔
سنہا نے کہا کہ یاترا کو ایک ہی دن میں مکمل کرنے کیلئے یاتری پہلی بار سرینگر سے پنچنتری تک براہ راست ایک ساتھ سفر کریں گے ۔
لیفٹیننٹ گورنر یہ باتیں اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کیں۔
سنہا نے ایک ٹویٹ میں کہا’’شری امر ناتھ جی یاترا کیلئے آن لائن ہیلی کاپٹر سروس لانچ کی یاترا کو ایک ہی دن میں مکمل کرنے کیلئے یاتری پہلی بار سری نگر سے پنچنتری تک براہ راست ایک ساتھ سفر کریں گے ‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا’’یہ حکومت کی طویل عرصے سے زیر التوا ایک کوشش تھی کہ بہتر رابطے اور رسائی کیلئے ہیلی خدمات متعارف کی جائیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ عقیدت مند بکنگ کے لئے آسانی سے شرائن بورڈ کی ویب سائیٹ کی طرف رجوع کر سکتے ہیں۔
بتادیں کہ۴۳دنوں پر محیط سالانہ امرناتھ جی یاترا دو برسوں کے وقفے کے بعد ماہ رواں کی تیس تاریخ سے شروع ہونے والی ہے ۔
حکام نے یاترا کو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے باقی انتطامات کے علاوہ امسال مثالی سیکورٹی بندو بست کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت پر یاترا کے دوران۳۵۰پیرا ملٹری فورسز کی کمپنیاں تعینات رہیں گے ۔ امسال یاترا کے دوران یاتریوں کی حفاظت کے لئے جہاں پہلی دفعہ آر او پی پارٹی بھی ساتھ رہیں گی وہیں نگرانی کی خاطراینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کا بھی استعمال عمل میں لایا جا رہا ہے
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس برس آٹھ لاکھ سے زائد یاتری شیو لنگم کے درشن کی خاطر وارد وادی ہوں گے ۔