سرینگر//
وادی کشمیر میں آتشزدگی کی مختلف وارداتوں کے دوران گیسٹ ہاوس، دو رہائشی مکان اور دکان خاکستر ہوئے ہیں۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ برین نشاط میں گیسٹ ہاؤس سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے ۔
انہوں نے کہاکہ فائر عملے کی انتھک کوشش کے بعد آگ پر قابو پایاگیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں گیسٹ ہاوس کو نقصان پہنچا ہے ۔
ادھر رتھ پورہ وانی یار میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً مکان کو پوری طرح سے لپیٹ میں لے لیا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ، آگ کی اس واردات میں رہائشی مکان خاکستر ہوا ہے ۔
دریں اثنا ٹاکن واری مجہ گنڈ اور چھانہ پورہ سری نگر میں آگ کی دو الگ الگ وارداتوں میں رہائشی مکان اور دکان کو نقصان پہنچا ہے ۔علاوہ ازیں گوگجی باغ سری نگر میں آتشزدگی کی واردات میں چنار درخت خاکستر ہوا ہے ۔
پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔