جموں//
جموںکشمیر کے سرمائی دارلخلافہ جموں میں محکمہ پی ایچ ای میں تعینات ڈیلی ویجروں نے اپنی مطالبات کے حق میں احتجاجی دھرنا دیا۔
اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ موجودہ سرکار نے الیکشن کے دوران ڈیلی ویجروں کو مستقل کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ابھی تک اس وعدے کوعملی جامہ نہیں پہنایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق جموں میں پی ایچ ای میں تعینات ڈیلی ویجروں نے سرکار پر وعدہ خلاف کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ملازمین نے کہاکہ سرکار نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ نوکریوں کی مستقلی کے حوالے سے بہت جلد فیصلہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ قواعد و ضوابط کے تحت سات سال کے بعد ڈیلی ویجروں کی مستقلی لازمی ہے لیکن سرکار کی جانب سے اس ضمن میں لیت ولعل کی پالیسی اپنائی جارہی ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کئی مرتبہ انتظامیہ کے سینئر آفیسران کے ساتھ بھی میٹنگیں کیں لیکن آج تک ایک بھی وعدہ وفا نہیں ہوسکا۔
ملازمین کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ۲۵برسوں سے محکمہ پی ایچ ای میں تعینات ڈیلی ویجروں کو مستقل کرنے کے حوالے سے کوئی پالیسی مرتب نہیں کی جارہی ہے ۔
ان کے مطابق اگر سرکار نے جلد از جلد اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں لیا تو ضلع صدرمقامات پر بھی احتجاج میں شدت لائی جائے گی۔