سرینگر/26 فروری
سرینگر پولیس نے ڈاکوو¿ں کے ایک گروہ کو گرفتار کیا ہے جو خود کو پولیس کمانڈو ظاہر کرکے رات کے وقت ٹرکوں کو لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے۔
اس کارروائی کے نتیجے میں ڈمی بندوقیں، ایک گاڑی، سیاہ یونیفارم اور جرم میں استعمال ہونے والا دیگر قابل اعتراض مواد برآمد ہوا۔
22 فروری 2025 کو پولیس اسٹیشن شالٹنگ کو ہریانہ کے رہنے والے چنچل سنگھ ولد شیر سنگھ کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ رات کے اوقات میں نامعلوم افراد نے مالورہ، شالٹنگ میں اس کی گاڑی کو روکا اور بندوق کی نوک پر اس سے نقدی اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔
اس شکایت کی بنیاد پر ایک ایف آئی آر (نمبر 15 یو/ایس 307، 126(2)، 3(5)) درج کی گئی اور تحقیقات شروع کی گئی۔
سرینگر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعدد ٹیمیں تشکیل دیں اور وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن کیا۔ چند ہی دنوں میں شہر کے مختلف علاقوں سے 04 ملزمان کی نشاندہی کی گئی اور انہیں گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت ساحل احمد شیخ ولد معراج الدین شیخ ساکن نارکھ بڈگام‘عاقب احمد شیخ ولد معراج الدین شیخ ساکن نارکرہ بڈگام‘ارباز احمد وانی ولد ہلال احمد وانی ساکن ایس ڈی کالونی بٹہ مالو‘فیصل احمد شاہ ولد آزاد احمد شاہ ساکن نوہٹہ کے طور ہوئی ہے ۔
تفتیش کے دوران دو ڈمی بندوقیں، نو موبائل فون، ایک سوئفٹ گاڑی، اے ٹی ایم کارڈ، نقد رقم اور جرم میں استعمال ہونے والی کالی کمانڈو یونیفارم ضبط کی گئیں۔
ملزمین نے خاص طور پر یونین ٹریٹری کے باہر سے رجسٹریشن نمبر والے ٹرکوں کو نشانہ بنایا اور اپنے جرائم کو انجام دینے کےلئے رات کے وقت ویران شاہراہوں کا انتخاب کیا۔ انہوں نے کالے کمانڈو یونیفارم میں ملبوس ڈرائیوروں کو ڈمی بندوقوں کا استعمال کرتے ہوئے ڈرایا دھمکایا اور پھر ان سے نقدی، اے ٹی ایم کارڈ اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔
قابل ذکر ہے کہ گرفتار کئے گئے افراد ہسٹری شیٹر ہیں اور ان کے خلاف جموں و کشمیر کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔
سرینگر پولیس نے جرائم کا مقابلہ کرنے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ شہریوں پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمیوں یا مجرمانہ واقعات کی اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ معاشرے کی حفاظت میں مدد مل سکے۔