سرینگر//
سات سال کے وقفے کے بعد جموں و کشمیر میں اس سال اپریل مئی میں پنچایت انتخابات ہونے والے ہیں، جو جموں و کشمیر کی نچلی سطح کی جمہوریت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
انتخابات کیلئے حتمی انتخابی فہرستیں ۲۰جنوری کو شائع ہوئی تھیں۔
انتخابات کے انعقاد کی سمت میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے ریاستی الیکشن کمیشن (ایس ای سی) نے ضروری انتخابی سامان کی خریداری شروع کردی ہے۔
ایس ای سی تقریبا ً۴۰ہزار ووٹنگ کمپارٹمنٹ اور ۶۴ دیگر ضروری اشیاء حاصل کرنے کے عمل میں ہے۔ خریداری کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کی آخری تاریخ ۱۱ مارچ ہے اور اس کے بعد ایک ماہ کے اندر سپلائی متوقع ہے۔
جموں کشمیر میں اس وقت کل۳۸ہزار۸۰۰پولنگ اسٹیشن ہیں جن میں سے ۱۸ہزار۷۰۰ جموں ڈویڑن میں اور۲۰ہزار۱۰۰کشمیر ڈویڑن میں ہیں۔ جموں و کشمیر میں آخری پنچایت انتخابات۲۰۱۸ میں ہوئے تھے ، اور پچھلے پنچایت اداروں نے ۲۰۲۳ میں اپنی مدت پوری کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اگست ۲۰۱۹میں آرٹیکل ۳۷۰ کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں یہ پہلا پنچایت انتخاب ہوگا۔