سرینگر///
ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ‘شیرپا منگا نے پاور ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ (پی ڈی ڈی) کے خلاف ٹائون میں سٹریٹ لائٹس کو منقطع کرنے پر سخت انتباہ جاری کیا ہے ۔
منگا نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوام کی حفاظت اور سہولت کے لیے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
ضلع مجسٹریٹ نے اپنے ایک حکمنامے میں کہا ہے ’’یہ ان کے نوٹس میں آیا ہے کہ پی ڈی ڈی بارہمولہ کے اہلکار بغیر کسی پیشگی اطلاع کے رات کے اوقات میں سٹریٹ لائٹس منقطع کر رہے ہیں‘‘۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ انہوں نے کہا کہ اس سے مسافروں کو تکلیف ہوتی ہے اور یہ عوامی تحفظ اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے ۔گلیوں میں اچھی روشنی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ نے ہدایت دی ہے کہ میونسپل کونسل بارہمولہ کے دائرہ اختیار میں موجود اسٹریٹ لائٹس کو چیف ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کونسل بارہمولہ کی پیشگی منظوری کے بغیر منقطع نہیں کیا جانا چاہیے ۔
حکمنامے میں مزید انتباہ دیا گیا ہے کہ مذکورہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے پی ڈی ڈی کے کسی بھی عہدیدار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
منگا نے کہا’’پی ڈی ڈی بارہمولہ کے غلط افسران/ اہلکاروں کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی شروع کی جائے گی جو بارہمولہ ٹاؤن میں اسٹریٹ لائٹس کو بجلی کی سپلائی منقطع کرنے میں ملوث پائے جائیں گے ‘‘۔
یہ حکم کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پپی ڈی سی ایل) کے انجینئروں اور میونسپل حکام کو سختی سے تعمیل کے لیے بھیج دیا گیا ہے ۔