سرینگر//
معاشرے کو منشیات سے صاف و پاک بنانے کی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں این ڈی پی ایس کیس میں چار ملزموں کو۱۲برسوں کی سخت قید اور ایک لاکھ روپیے فی کس جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کولگام پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جنگ میں ایک اہم سنگ میل حاصل کرکے پرنسپل سیشن جج کولگام کی معزز عدالت سے مورخہ۲۳جنوری۲۰۲۵کے فیصلے کے ذریعہ چار ملزمین کو سزا سنائی اور بعد ازاں۸فروری کو سزا کی حد سنائی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ ملزمان کو پولیس اسٹیشن یاری پورہ میں این ڈی پی ایس دفعہ۲۹کے تحت درج ایف آئی آر نمبر۲۰۲۱/۲۱میں یہ سزا سنائی گئی۔
ملزمان کی شناخت محمد اسلم وار ولد غلام حسن وار ساکن آرونی بجبہاڑہ، معراج الدین وانی ولد غلام محمد وانی ساکن نائو پورہ کھار پورہ، وقار احمد دار ولد محمد یاسین ڈار ساکن پادشاہی باغ سری نگر اور بلال احمد ہانجی ولد محمد مقبول ہانجی ساکن کھار پورہ کے طور پر کی گئی ہے ۔
پولیس بیان کے مطابق ملزمان کو ۲۶؍اپریل کو پولیس پوسٹ فرصل کی پولیس پارٹی نے کھار پورہ میں کھیل کے میدان کے قریب ناکہ چیکنگ کے دوران گرفتار کیا تھا اور ان کے قبضے سے بغیر لیبل کے۱۰۰؍ایم ایل کی۳۶بوتلیں اور چھ بوتلیں کوکاکس ڈی ایکس لیبل اور دو پولی تھین بیگز جن میں۱۳۰چرس بھرا ہوا تھا، کو برآمد کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ استغاثہ نے ملزم کے خلاف الزامات ثابت کرنے کیلئے متعدد گواہان اور متعدد دستاویزات پیش کیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ عدالت نے شواہد پر غور کرنے کے بعد ملزمان کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ۲۰/۸،۲۲/۸ کے تحت قصوروار پایا اور انہیں۱۲سال کی سخت قید اور ایک لاکھ روپیہ فی کس جرمانے کی سزا سنائی۔انہوں نے کہا کہ ملزموں کی یہ سزا منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کولگام پولیس کے عزم کو ظاہر کرتی ہے ۔