سرینگر/
وادی کشمیر میں جاری خشک موسمی صورتحال کے باعث موسم سرما میں ہی بہار سا سماں چھایا ہوا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں سال رواں کے پہلے ڈیڑھ ماہ کے دوران بارش کی۷۹فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران جموں میں بارش کی۸۴فیصد کمی درج ہوئی ہے ۔
موسمیات محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں سال رواں کے ماہ جنوری سے۱۳فروری تک بارش میں۷۹فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے ۔
گرمائی دارلحکومت سرینگر میں اس دوران بارش کی۸۲فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کولگام، بڈگام، شوپیاں اور اننت ناگ اضلاع میں بارش کی۸۰سے۸۹فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے ۔
وادی کے پلوامہ، بانڈی پورہ، کپوارہ اور بارہمولہ اضلاع میں۷۰سے۷۹فیصد بارش کی کمی درج ہوئی ہے جبکہ گاندربل ضلع میں۶۰سے۶۹فیصد بارش کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے ۔
دسمبر میں وادی کے بیشتر اضلاع میں۵۸فیصد بارش کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران جنوبی کشمیر میں بارش معمول کے مطابق ریکارڈ ہوئی ہے ۔
جموں صوبے کے ڈوڈہ، ریاسی اور رام بن اضلاع میں۸۰سے۸۹فیصد بارش کی کمی جبکہ پونچھ، راجوری اور کشتواڑ میں۶۰سے۶۹فیصد بارش کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے ۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں۱۸فروری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں۱۶فروری کو مطلع جزی یا کلی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران شام کو کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ۱۷اور۱۸فروری کو بھی موسم کی کم و بیش یہی صورتحال رہ سکتی ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ۱۹اور۲۰فروری کو موس ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ ۲۱؍اور۲۲فروری کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے ۔
وادی میں جاری خشک موسمی صورتحال اور بارشوں کی کمی سے کسان طبقہ پریشان ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ بارشوں کی کمی سے موسم گرما میں پانی کی شدید کمی پیدا ہوسکتی ہے جس سے فصلوں کو نقصان کے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔