جموں///
جموں کے راجوری ضلع میں ایل او سی کے نزدیک فوج کی پیٹرولنگ پارٹی پر مشتبہ ملی ٹینٹوں نے فائرنگ کی جس کے بعد حفاظت پر مامور اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کا آغاز کیا۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز فوجی جوان راجوری میں ایل او سی کے نزدیک معمول کی پیٹرولنگ پر تھے کہ اسی اثنا میں جنگلی علاقے میں موجود ملی ٹینٹوں نے فائرنگ شروع کردی ۔
ذرائع نے بتایا کہ فورسز اہلکاروں نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی شروع کی جس دوران دوبدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
دفاعی ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ راجوری کے کیری سیکٹر میں جنگلی علاقے میں موجود ملی ٹینٹوں نے فوج پر فائرنگ کی۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج نے بھی دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور اب اس علاقے میں بڑے پیمانے پر ملی ٹینٹ مخالف آپریشن شروع کیا گیا ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ راجوری اور پونچھ کے جڑواں اضلاع میں ایل او سی پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک آپریشن جاری تھا۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔