جموں//
جموں کشمیر کے وزیر اعلی‘ عمر عبداللہ نے ہفتہ کے روز اپوزیشن جماعتوں پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی دہلی اسمبلی انتخابات میں فیصلہ کن فتح کی طرف بڑھ رہی ہے۔
عمرعبداللہ نے ایکس پر ایک میم کے ساتھ پوسٹ کیا’’اور لڑو آپس میں!! (ایک دوسرے سے لڑتے رہیں)‘‘ ۔
وہ دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹوں کی گنتی سے سامنے آنے والے رجحانات کا حوالہ دے رہے تھے جس میں بی جے پی عام آدمی پارٹی کے خلاف آگے ہے جبکہ کانگریس لگاتار تیسرے انتخابات میں کوئی نشست حاصل نہ کر سکی ۔
ان انتخابات میں بی جے پی نے ۲۷ سال بعد واپسی کرتے ہوئے ۴۸ نشستیں جیت لیں جبکہ عام آدمی پارٹی ۲۲ حلقوں میں کامیاب ہو ئی ۔
کانگریس اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول پائی ۔ ۲۰۲۰ میں بھی کانگریس پارٹی کوئی سیٹ نہ جیت سکی تھی ۔
عام آدمی پارٹی اور کانگریس، جو پچھلے سال لوک سبھا انتخابات کیلئے انڈیا بلاک کا حصہ تھیں، نے دہلی میں اسمبلی انتخابات میں اکیلے لڑنے کا فیصلہ کیا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حال ہی میں میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا’’انڈیا الائنس اچھا کام کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی اچھا کام کرے گی‘‘۔
دہلی کے انتخابات میں انڈیا بلاک کے کلیدی ممبران بشمول مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) اور اکھلیش یادو کی سماج وادی پارٹی نے اے اے پی کی حمایت کی اور اس کے حق میں مہم چلائی تاہم، کانگریس نے الگ لڑنے کا فیصلہ لیا جس سے ممکنہ طور پر بی جے پی کو فائدہ ہوا۔