سرینگر//
ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر‘غلام نبی یتو کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں کھلنے سے پہلے تمام سکولوں میں کتابیں دستیاب رکھی جائیں گی۔
یتو نے کہا کہ وادی بھر میں ۲سوسے زیادہ ٹیویشن سینٹر چل رہے ہیں جن میں۳۳ہزار سے زیادہ بچے مستفید ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ محکمے میں تمام خالی اسامیوں کو پر کیا جائے گا تاکہ تعلیمی معیار کو مزید مستحکم بنایا جا سکے ۔
ڈائریکٹر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
یتو نے کہا’’ہماری کوشش ہے کہ آنے والے دنوں میں تمام خالی اسامیوں کو جلد از اجلد پورا کیا جائے تاکہ مانیٹرنگ سطح اور تعلیمی معیار کی مزید بہتری کو یقینی بنایا جا سکے ‘‘۔
ناطم تعلیم کا کہنا تھا’’نومبر تعلیمی سیشن بحال ہونے کا فیصلہ کم وقت میں لیا گیا اس کے باوجود۶۰فیصد سکولوں کو کتابیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ سکول کھلنے سے پہلے تمام سکولوں میں کتابوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا ئے گا‘‘۔
یتو نے کہا کہ وادی بھر میں۲سو سے زیادہ ٹیویشن سینٹر چل رہے ہیں جن میں۳۳ہزار سے زیادہ بچے مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم قومی سطح کے تعلیمی معیار سے بھی آگے ہیں تاہم جہاں جہاں کمزوریاں ہیں ان کو دور کرنے کیلئے کشمیر یونیورسٹی و دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ایک روڈ میپ تیار کیا جا رہا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ نہ صرف بچوں کے تعلیمی معیار کو مضبوط بنانے کے لئے کوشاں ہے بلکہ بچوں کی شخصیت سازی کے لئے بھی مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔
یتو نے کہا کہ سکولوں میں بچوں کے داخلے کے لئے وسیع پیمانے پر مہم چلائی جا رہی ہے جس میں اساتذہ کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اضافی عملے کو ان سکولوں میں تعینات کیا جا رہا ہے جہاں اساتذہ کی کمی ہے ۔