سرینگر//
وادی کشمیر کے بیشتر اضلاع میں سال رواں کے آغاز سے اب تک بارش کی۸۸فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ ہوئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں ماہ دسمبر میں وادی کے بیشتر اضلاع میں۵۸فیصد بارش کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران جنوبی کشمیر میں بارش معمول کے مطابق ریکارڈ ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماہ جنوری سے۶فروری تک وادی کے بیشتر اضلاع میں بارش کی ۸۸فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ ہوئی ہے ۔
وادی میں خشک موسمی صورتحال سے بالخصوص وسطی کشمیر سے تعلق رکھنے والے کسانوں میں تشویش کی لہر پھیل گئی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ خشک موسمی صورتحال سے موسم گرما میں پانی کی شدید قلت کا امکان ہے جس کے نتیجے میں فصلوں کو نقصان کے خطرات لاحق ہیں۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے۳دنوں کے دوران موسم خراب رہنے کا امکان ہے تاہم ۱۶فروری تک موسم میں کسی بڑے پیمانے کی تبدیلی متوقع نہیں ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں۸فروری کو موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۹فروری کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ وادی میں۱۰اور۱۱فروری کو بھی مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں جس کا زیادہ اثر شمالی اور وسطی کشمیر میں رہ سکتا ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ۱۲سے ۱۴فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں۱۵؍اور ۱۶فروری کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ موسمیاتی ایڈوائزری پر عمل کریں۔
دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے شبانہ سردیوں کا زور بدستور قائم ہے ۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۹ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ء۵ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے ایک اورسیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۰ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۷ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۵ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔