سرینگر//
پی ڈی پی لیڈر التجا مفتی کا دعویٰ ہے کہ انہیں اور ان کی والدہ محبوبہ مفتی کو خانہ نظر بند رکھا گیا ہے ۔
التجا نے کہا’’میری والدہ کو سوپور جانے اور مجھے کٹھوعہ جانے سے روکنے کیلئے ہمارے دروازوں کو مقفل کر دیا گیا ہے ‘‘۔
پی ڈی پی لیڈر نے ہفتے کی صبح ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’میری والدہ اور مجھے خانہ نظر بند رکھا گیا۔ہمارے دروازے بند کر دیے گئے ہیں کیونکہ وہ (محبوبہ مفتی) سوپور جانے والی تھیں جہاں وسیم میر فورسز کی فائرنگ میں جاں بحق ہوا تھا‘‘۔
التجا کا کہنا تھا’’میں نے آج مکھن دین کے خاندان سے ملنے کے لیے کٹھوعہ جانے کا ارادہ کیا تھا اور مجھے باہر جانے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی ہے‘‘۔
موصوفہ نے اپنے پوسٹ میں مزید کہا’’انتخابات کے بعد بھی کشمیر میں کچھ نہیں بدلا بلکہ اب تو متاثرین کے اہل خانہ کو تسلی دینے کو بھی جرم قرار دیا جا رہا ہے ۔‘‘