سرینگر//
وادی کشمیر میں سردیوں کے ایک اور بیس روزہ چلہ خورد نے تخت نشین ہوتے ہی اپنے طاقت کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں وادی کے بالائی ومیدانی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر کے بالائی علاقوں میں ۱۰؍انچ برف جمع ہوئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بھی قریب ۳؍انچ برف باری ہوئی ہے ۔
وسطی کشمیر کے بالائی و میدانی علاقوں میں بھی برف باری ہوئی ہے جبکہ جموںکشمیر کے بیشتر مقامات پر شبانہ بارشیں ہوئی ہیں۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۵ء۷سینٹی میٹر برف ریکارد ہوئی ہے جبکہ پہلگام میں۲ء۱۱سینٹی میٹر، قاضی گنڈ میں ۴سینٹی میٹر اور کپوارہ میں۵ء۱سینٹی میٹر برف جمع ہوئی ہے ۔
وسطی کشمیر کے سیاحتی مقام سونہ مرگ میںڈیڑھ فٹ جبکہ گریز، راز دان ٹاپ، زیڈ گلی میں بھی درمیانی درجے کی برف باری ہوئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں یکم فروری کے دوپہر سے موسم میں بہتری واقع ہوسکتی ہے اور۲فروری کو بھی موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ۳فروری کی شام سے کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے جبکہ ۴فروری کو وادی میں موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ۵فروری کی صبح کو بھی کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ادھر وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں کہیں بہتری تو کہیں گراوٹ ریکارڈ ہوئی ہے ۔
گرمائی دار الحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۱ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۰ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۰ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۴ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۷ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے ایک اور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۷ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۰ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۱ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۰ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۱ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب۶ء۰ڈگری سینٹی گریڈ اور۵ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی۰ء۱ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی۷ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور کولگام اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب۳ء۰ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی۲ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
لداخ کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۱ء۱۰ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۷ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۸ء۸ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں چلہ کلان کے اختتام کے بعد۲۰روزہ چلہ خورد شروع ہوا ہے گرچہ اس میں بھی بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے تاہم سردیوں کا زور تھم جاتا ہے ۔