نئی دہلی//
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعہ کو کہا کہ دفعہ۳۷۰ کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں ترقی کیلئے سازگار ماحول ہے۔
لوک سبھا چیمبر میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے خطاب کرتے ہوئے مرمو نے کہا کہ جموں و کشمیر میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات پرامن طریقے سے منعقد ہوئے اور لوگ اس کامیابی کے لئے تعریف کے مستحق ہیں۔
صدر مرمو نے کہا کہ دفعہ ۳۷۰ کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں ترقی کیلئے سازگار ماحول پیدا ہوا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ اودھم پور،سرینگر،بارہمولہ ریل لنک پروجیکٹ مکمل ہو چکا ہے، جو ملک کو ریلوے لائن کے ذریعے کشمیر سے کنیا کماری سے جوڑتا ہے۔
صدر مرمو نے کہا’’اس پرجوش منصوبے کے تحت، چناب پل تعمیر کیا گیا ہے، جو دنیا کا سب سے اونچا ریلوے پل ہے‘‘۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہندوستان کا پہلا ریل کیبل اسٹیڈ برج ، انجی پل مکمل ہوچکا ہے اور شنکن لا سرنگ پر کام بھی کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں مکمل ہونے کے بعد یہ دنیا کی سب سے اونچی سرنگ ہوگی جو لداخ اور ہماچل پردیش کے درمیان سال بھر رابطے کو یقینی بنائے گی۔
۲۰۱۹ میں حکومت نے جموں کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے آرٹیکل ۳۷۰کو ختم کردیا تھا اور ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کردیا تھا۔
مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کو ریاستی مقننہ کے ساتھ تشکیل دیا گیا تھا اور وہاں پانچ سال کے صدر راج کے بعد ۲۰۲۴ میں انتخابات ہوئے تھے۔
قومی سلامتی کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ حکومت نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔
مرمو نے دفاعی شعبے میں پیش رفت کے بارے میں بھی بات کی۔ صدر مرمو نے کہا کہ حکومت نے دفاعی شعبے میں ’میک ان انڈیا‘ سے ’میک فار دی ورلڈ‘ کی طرف قدم بڑھایا ہے۔