سرینگر
ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر‘ جی این ایتو نے منگل کو کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں کہ اسکولی تعلیم کے تمام بورڈ کی درسی کتابیں۳۱ جنوری تک دستیاب ہوں۔
ایتو نے کہا کہ والدین کی جانب سے کسی بھی شکایت کو ۲۴گھنٹوں کے اندر حل کیا جائے گا، اور یقین دلایا کہ قانون توڑنے والوں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول جواہر نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر ایتو نے کہا کہ محکمہ۳۱ جنوری تک درسی کتب دستیاب کرانے کے لئے کام کر رہا ہے اور اس سلسلے میں بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (بی او ایس ای) کو اس عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ناظم تعلیمات کاکہنا تھا ’’جیسا کہ آپ جانتے ہیں، نومبر کا اجلاس کم سے کم وقت میں بحال کیا گیا تھا۔ اس کے بعد وزیر تعلیم اور پرنسپل سکریٹری نے ایک اعلی سطحی میٹنگ کی اور بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ ۳۱ جنوری تک تمام کتابوں کی دستیابی کو یقینی بنائے‘‘۔
ایتو نے کہا’’یہ عمل جاری ہے، اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں کہ جنوری کے آخر تک اسکولوں میں تمام کتابیں دستیاب ہوں‘‘۔
ناطم تعلیمات نے مزید کہا کہ موسم سرما کے ٹیوٹوریل کیلئے ، سی ای اوز کو پرانی کتابوں کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ طلباء کیلئے کسی بھی مسئلے سے بچنے کیلئے آنے والے سیشن کے لئے پیشگی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کتابیں بہترین وقت پر دستیاب ہوں۔
کچھ نجی اسکولوں کی جانب سے فیسوں اور درسی کتابوں کے حوالے سے قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ایتو نے کہا کہ والدین کی جانب سے کسی بھی شکایت کو ۲۴گھنٹوں کے اندر حل کرنے کی واضح ہدایات دی گئی ہیں اور جو بھی قواعد کی خلاف ورزی میں ملوث ہوگا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔