سونمرگ/۱۳جنوری
چیف منسٹر عمر عبداللہ نے پیر کے روز وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کے اپنے وعدوں کو پورا کریں۔
سونمرگ ٹنل کے افتتاح کے بعد اپنے افتتاحی خطاب میں عمر عبداللہ نے گزشتہ سال مسلسل تیسری بار عہدہ سنبھالنے کے بعد سرینگر میں اپنی تقریر کے دوران کئے گئے تین میں سے دو وعدوں کو پورا کرنے کے لئے وزیر اعظم مودی کی تعریف کی۔
عمر نے اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم مودی سے کہا کہ’دہلی کی دوری‘ اور جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد سمیت دو وعدوں کو آپ نے پورا کیا ہے اور کہا کہ ریاست کا درجہ بحال کرنے کا تیسرا وعدہ ابھی تک پورا نہیں ہوا ہے اور یہاں کے لوگ بشمول میڈیا والے عام طور پر ان سے اس سے متعلق سوال پوچھتے ہیں۔
عمرعبداللہ نے کہا کہ ’میرا دل یقین رکھتا ہے کہ آپ کی جانب سے یہ وعدہ بھی جلد پورا کیا جائے گا‘۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ نے اپنی افتتاحی تقریر کا آغاز گزشتہ سال اکتوبر میں گگن گیر میں ایک حملے میں ہلاک ہونے والے ایک ڈاکٹر سمیت سات افراد کو یاد کرتے ہوئے کیا۔ سات افراد سونمرگ سرنگ کے کام میں شامل تھے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے اس منصوبے اور اس قوم کی ترقی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔” بدقسمتی سے گزشتہ 35 سالوں سے جموں و کشمیر کے لوگوں نے اس ملک کی ترقی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ میں اس پارٹی سے تعلق رکھتا ہوں جس نے اس ملک کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں۔“
عمر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی کی موجودگی ان لوگوں کے لئے ایک واضح پیغام ہے جو جموں و کشمیر کی ترقی ، امن اور جمہوریت نہیں چاہتے ہیں کہ وہ کامیاب نہیں ہوں گے اور انہیں یہاں سے شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔