سرینگر/۱۵مارچ
پولیس نے منگل کے روز جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع کی تحصیل منڈی میں ایک خاتون کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا۔
پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ایک خاتون نے۲۱ فروری کو شکایت میں الزام لگایا تھا کہ ایک ملزم گلتاج احمد ولد محمد ایوب ساکن سیری چوہانہ نے ’اسے یہ کہہ کر اپنے گھر بلایا کیونکہ وہ اس سے شادی کرنا چاہتا ہے‘۔
ترجمان نے کہا’’اس بہانے سے ملزم اسے سیری چوہانہ گاؤں کے ایک ویران مکان میں لے گیا جہاں اس نے دو دیگر ملزمان کو اس جگہ بلایا جن میں اعجاز احمد ولد قیوم خان اور شکیل احمد ولد محمد یوسف‘ جہاںتینوں نے متاثرہ خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا ‘‘۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ وہ بے ہوش ہوگئی اور اگلی صبح ہوش میں آئی، اس نے مزید کہا کہ جگہ سے نکلتے وقت ملزم نے اسے دھمکی دی کہ اگر اس نے واقعہ کسی کو بتایا تو وہ اسے جان سے مار دے گا۔
اس کے مطابق، ایف آئی آردرج کرکے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ پولیس اسٹیشن منڈی میں درج کیا گیا تھا اور’کیس کی حساسیت‘کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس ایچ او کے ذریعہ تفتیش کی گئی تھی۔
دوران تفتیش ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور بھرپور کوششوں کے بعد تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔