سرینگر//
بارہمولہ پولیس نے حال ہی میں لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے والے دو نوجوانوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا ہے ۔
ایس ایس پی بارہمولہ رئیس احمد بٹ نے میڈیا کو اس گرفتاری کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ کے پٹن علاقے میں حال ہی میں جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرنے والے دو نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔
بٹ نے کہا’’ہمیں گذشتہ ماہ کی نو تاریخ کو ایک رپورٹ موصول ہوئی تھی کہ ارشاد احمد میر ولد عبدالرحمان میر ساکن نہال پورہ پٹن لاپتہ ہوگیا ہے ‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آگئی کہ اس نے لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کی ہے ۔
ایس ایس پی نے کہا کہ اس کے بعد ہمیں ایک اور رپورٹ موصول ہوئی کہ زاہد بشیر نامی ایک اور نوجوان لاپتہ ہوا ہے اور تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ اس نے بھی لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی یہی کوشش رہتی ہے کہ تازہ بندوق اٹھانے والوں کو گرفتار کیا جائے اور انہی کوششوں کے نتیجے میں ان دونوں کو گرفتار کیا گیا۔
بٹ کا کہنا تھا’’ان دو جنگجوؤں کو مقامی لیڈروں اور اقلیتی فرقے کے لوگوں کو نشانہ بنانے کا کام سونپا گیا تھا‘‘۔
ایس ایس پی نے ان دو جنگجوؤں کی گرفتاری کو ایک بڑی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح سے ہم نے جہاں ایک طرف لیڈروں اور اقلیتی فرقے کے لوگوں پر حملے ہونے کی روک کو یقینی بنایا ہے وہیں دو نوجوانوں کو بھی بچایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے ۲پستول‘۱۸گولیاں اور تین پستول میگزین بر آمد کئے گئے ۔
دریں اثنا اس ضمن میں پولیس اسٹیشن پٹن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
دریں اثنا جموں وکشمیر پولیس نے ڈورو اسلام آباد میں دو افراد کو پستول اور دیگر قابل اعتراض مواد سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس نے ہفتے کے روز ڈورو اسلام آباد میں ناکہ لگایا جس دوران دو افراد جن کی شناخت راہل احمد ملک ولد گلزار احمد ملک اور شبیر احمد راتھر ولد غلام حسن راتھر ساکنان محمود آباد کے بطور ہوئی ہے کو روک کر اُن کی جامہ تلاشی لی جس دوران اُن کے قبضے سے ایک پستول ، ایک میگزین ، گیارہ پستول گولیوں کے راونڈ برآمد ہوئے ۔
پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر ۵۱کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔