سرینگر//
سرینگر کے ڈاؤن ٹاؤن علاقے سے تعلق رکھنی والی خواتین نے ہفتے کے روز یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر بی جے پی کی معطل شدہ لیڈر کی طرف سے مبینہ طور کی جانے والی توہین رسالت کے خلاف احتجاج درج کیا۔
احتجاجی خواتین نعرہ بازی کر رہیں تھیں اور ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی جانیں قربان کریں گے لیکن حضرت نبی پاکؐ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے ۔
اس موقع پر ایک احتجاجی خاتون نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی سیاسی جماعت سے وابستہ نہیں ہیں ہم عام شہری ہیں۔
خاتون نے کہا’’ہم نبی پاکؐکیلئے اپنی جانیں قربان کرنے کے لئے تیار ہیں لیکن آپؐ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’جس نے آپ ؐ کی شان میں گستاخی کی ہے ہم اس کو کڑی سے کڑی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں‘‘۔
ایک اور احتجاجی نے کہا کہ جب یہ واقعہ پیش آیا ہم تب سے بے چین ہیں کیونکہ حضرت نبی پاکؐ ہمیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کو سزا ملنی چاہئے جو آپ ؐ کی شان میں گستاخی کرتے ہیں۔