سرینگر//
منشیات فروشوں کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے سری نگر میں ایک منشیات فروش کی لاکھوں روپیے مالیت کی جائیداد کو ضبط کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سری نگر میں پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی نورباغ علاقے میں واقع لاکھوں روپیے مالیت کی جائیداد ضبط کر لی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ یہ قانونی کارروائی پولیس اسٹیشن نور باغ میں محمد عرفان شیخ ولد محمد اشرف شیخ ساکن پمپوش کالونی پال پورہ کے خلاف درج ایک ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۴/۱۳۴کے تحت انجام دی گئی۔
ان کا کہنا تھا’’تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آگئی کہ منشیات کی بھاری مقدار پکڑی گئی ہے اور ملزم نے منشیات کے غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والی رقم سے مکان اور زمین سمیت کافی جائیداد حاصل کی تھی‘‘۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ متعلقہ قانونی طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے لاکھوں روپیے مالیت کی جائیداد (مکان اور زمین) کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت منسلک کیا گیا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ سری نگر پولیس کی طرف سے سخت قانونی کارروائیوں کا ایک سلسلہ منشیات سے متعلق جرائم میں ملوث تمام افراد کو یہ پیغام دیتا ہے کہ قانون جلد یا بدیر ان کو اپنی گرفت میں لے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ پولیس نہ صرف مجرموں کو ان کے جرائم کے لیے نشانہ بناتی ہے بلکہ ان کے غیر قانونی طور پر حاصل کیے گئے اثاثوں کو بھی قانون کے تحت ضبط کرتی ہے ۔
دریں اثنامنشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے وسطی ضلع گاندربل میں ایک منشیات اسمگلر کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
گرفتار شدہ کی شناخت ظفر بشیر بٹ ولد بشیر احمد بٹ ساکن گندرہمان کے طور پر کی گئی ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن گاندربل کی ایک پارٹی نے ہرن میں ایک ناکے کے دوران ایک ٹاٹا موبائل کو رو کا جس کو ظفر بشیر بٹ ولد بشیر احمد بٹ ساکن گندرہمان چلا رہا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران گاڑی سے سپاسموپروکسون پلس کے۴۰سٹرپس ہر سٹرپ میں۸گولیاں تھیں، بر آمد کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزم ڈرائیور کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا اور جرم کے لئے استعمال کی جانے والی گاڑی کو ضبط کیا گیا۔
ملزم کی شناخت ظفر بشیر بٹ ولد بشیر احمد بٹ ساکن گندرہمان کے طور پر کی گئی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن گاندربل میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔