نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی ‘‘ سبھی کے لیے گھر کے اپنی حکومت کے عہد کے ایک حصے کے طور پر جمعہ کو اشوک وہار کے سوابھیمان اپارٹمنٹ میں جھگی جھوپڑی کلسٹرز کے رہائشیوں کے لیے جھگی جھونپڑیوں کی بازآبادکاری پروجیکٹ کے تحت نئے تعمیر شدہ فلیٹوں کا دورہ کریں گے ، جہاں کچی آبادیوں کے رہائشیوں کے لیے 1,675 فلیٹ بنائے گئے ہیں۔
وزیر اعظم کے دفتر سے آج جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق مسٹر مودی کل تقریباً 12.15 بجے غریبوں کے لیے بنائے گئے اپارٹمنٹس کا معائنہ کریں گے ۔ اس کے بعد وہ تقریباً 12.45 بجے اسی علاقے میں منعقدہ ایک عوامی تقریب میں دہلی میں کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ ان میں دہلی یونیورسٹی کے لیے 600 کروڑ روپے کے تین پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔
ریلیز کے مطابق، وزیر اعظم اشوک وہار میں کچی آبادیوں کے لیے نئے تعمیر شدہ فلیٹوں کا افتتاح کریں گے اور سوابھیمان اپارٹمنٹس کی چابیاں بھی اہل مستحقین کے حوالے کریں گے ۔ یہ دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( ڈی ڈی اے ) کی طرف سے اس طرح کا دوسرا کامیاب بازآادکاری کا منصوبہ ہے جو کچی آبادیوں کی جگہ پر تیار کیا گیا ہے ۔ اس پروجیکٹ کا مقصد دہلی میں کچی آبادیوں کے رہنے والوں کو مناسب سہولیات سے آراستہ ایک بہتر اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے ۔
اس اسکیم کے تحت مرکزی حکومت ایک فلیٹ کی تعمیر پر 25 لاکھ روپے خرچ کرتی ہے ۔ اہل استفادہ کنندگان کل رقم کا سات فیصد سے کم ادائیگی کرتے ہیں، جس میں 1.42 لاکھ روپے برائے نام شراکت اور 30,000 روپے پانچ سال کی دیکھ بھال کے لیے شامل ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم دہلی میں دو شہری تعمیر نو کے پروجیکٹوں – نوروجی نگر میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر ( ڈبلیو ٹی سی) اور سروجنی نگر میں جنرل پول رہائشی رہائش ( جی پی آر اے ) ٹائپ II کوارٹرز کا بھی افتتاح کریں گے ۔
نوروجی نگر میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر نے 600 سے زیادہ خستہ حال کوارٹرز کو جدید ترین کمرشل ٹاورز سے بدل کر اس علاقے کو تبدیل کر دیا ہے ۔ اس نے جدید سہولیات کے ساتھ تقریباً 34 لاکھ مربع فٹ پریمیم کمرشل جگہ فراہم کی ہے ۔ اس منصوبے میں گرین بلڈنگ کے طریقوں کو شامل کیا گیا ہے ، جس میں زیرو ڈسچارج تصور، شمسی توانائی کی پیداوار اور بارش کے پانی کے ذخیرہ کرنے کا نظام شامل ہے ۔ سروجنی نگر میں جی پی آر اے ٹائپ ۔II کوارٹر میں 28 ٹاورز ہیں، جن میں 2,500 سے زیادہ رہائشی یونٹس ہیں۔
مسٹر مودی دہلی کے دوارکا میں سی بی ایس ای کے مربوط آفس کمپلیکس کا بھی افتتاح کریں گے جس پر تقریباً 300 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ اس میں دفاتر، آڈیٹوریم، ایڈوانسڈ ڈیٹا سینٹر، واٹر مینجمنٹ کا جامع نظام وغیرہ شامل ہیں۔
اس میں وہ دہلی یونیورسٹی میں 600 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والے تین نئے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ یہ سورج مل وہار، مشرقی دہلی کے مشرقی کیمپس میں ایک اکیڈمک بلاک اور دوارکا کے مغربی کیمپس میں ایک اکیڈمک بلاک پر مشتمل ہے ۔ اس میں نجف گڑھ کے روشن پورہ میں ویر ساورکر کالج کی عمارت بھی شامل ہے جس میں تعلیم کے لیے جدید ترین سہولیات ہوں گی۔
دہلی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا جلد اعلان ہونے کا امکان ہے ۔