نئی دہلی// عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے بدھ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ہر میدان میں ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہلی میں اقتدار میں آنے کے پانچ ماہ کے اندر ہی اس نے عوام کو پریشان کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑا۔
سینئر اے اے پی لیڈر منیش سسودیا نے ایکس پر کہا، "صرف پانچ مہینوں میں ہی دہلی کے ہر بچے نے سمجھ لیا ہے کہ بی جے پی والے حکومت چلانا نہیں جانتے ۔ انہیں صرف لوگوں کو پریشان کرنا آتا ہے ، لوٹنا آتا ہے ، گھر اجاڑنا اور برباد کرنا آتا ہے ۔
مسٹر سسودیا نے کہا، "اگر 10 سال پرانی کاروں اور موٹرسائیکلوں کو پٹرول نہیں ملے گا تو آلودگی کیسے کم ہو گی؟ اس سے تو صرف دہلی کے چاروں جانب، بارڈر پر، اتر پردیش اور ہریانہ کے پٹرول پمپوں کی چاندہ ہوگئی ہے ۔ ان پمپوں پر لمبی قطاریں لگ رہی ہیں اور ان پمپوں پر اوران میں سے 90 فیصد افراد دہلی کے وہی ہیں جن کی گاڑیاں 10 سال پرانی ہیں۔ یعنی جسے اپنے گھر سے 5-10 کلومیٹر جانا تھا، وہ اب 15-20 کلومیٹر دور دہلی کی سرحد سے متصل پٹرول پمپ پر جاکر تیل ڈلوارہے ہیں تاکہ دہلی میں اپنی گاڑی چلاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ اب بتایئے آلودگی بھی بڑھے گی، سڑکوں پر ٹریفک بھی بڑھ گئی ہے اور عام آدمی پریشان ہو رہا ہے ، وہ الگ۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ وہ حکومت نہیں چلا سکتے ، وہ صرف عوام کو تنگ کرنا جانتے ہیں۔ انہیں اقتدار میں آئے پانچ ماہ ہی ہوئے ہیں، لیکن اتنے کم عرصے میں انہوں نے عوام کو تنگ کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑا۔
اے اے پی لیڈر نے کہا، "نہ بجلی ٹھیک سے فراہم کی جا رہی ہے اور نہ ہی پانی۔ حکومت پرائیویٹ اسکولوں کی لوٹ پر خاموش ہے ، غریبوں کی کچی بستیوں کو بے رحمی سے مسمار کیا جا رہا ہے اور اب کار مالکان کو تغلقی فرمان سے نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ آج بی جے پی کے اپنے ہی ووٹر افسوس کر رہے ہیں، کیا اسی دن کے لئے ووٹ دیاتھا، یہ حکومت نہیں، عوام پر ایک سزا ہے جو ہر روز مزید بھاری ہوتی جارہی ہے ۔