نئی دہلی//
آرمی چیف‘ جنرل منوج پانڈے ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے تین روزہ دورے پر ہیں۔
اگلے مورچوں کے دورے کے دوران آرمی چیف کو مقامی کمانڈرز نے سرحدوں پر موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔آگے کے علاقوں میں آپریشنز کی تیاریوں کی نگرانی کرتے ہوئے آرمی چیف کوہ پیمائی کی صلاحیتوں اور طویل فاصلے تک گشت سمیت تعینات فارمیشنز کی اونچائی پر آپریشنل صلاحیتوں کا بھی جائزہ لیں گے ۔
جنرل پانڈے نے ان علاقوں میں جاری انفراسٹرکچر اور ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔اپنے دورے کے دوران کمانڈروں سے بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے سرحدوں پر نگرانی اور چوکسی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے دفاعی انداز میں تیزی سے بہتری اورانفرااسٹرکچر کی آپریشنل تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔
جنرل پانڈے نے مسلسل نگرانی میں جدید ٹیکنالوجی کی شمولیت کو سراہا۔آرمی چیف نے اگلی پوسٹوں پر تعینات فوجیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران ان کے بلند حوصلے کی تعریف کی اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ترغیب دی۔
دریں اثنا کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ چین سرحد پر مستقبل کی کارروائی کی بنیاد رکھ رہا ہے اور حکومت اسے نظر انداز کر کے ملک کے ساتھ غداری کر رہی ہے ۔
گاندھی نے جمعہ کو ٹویٹ کیاکہ ’’چین مستقبل کے دشمنانہ اقدامات کی بنیاد رکھ رہا ہے ۔ حکومت ہند اپنے اقدام کو نظر انداز کر کے ملک کے ساتھ غداری کر رہی ہے ‘‘۔
اس کے ساتھ کانگریس لیڈر نے ۱۶جون کو نشر ہونے والے ایک نیوز چینل کی تصویر بھی شیئر کی ہے ، جس میں سرحد پر چین کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو دکھایا گیا ہے ۔