سرینگر//
پولیس نے سرینگر میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران۴منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن کرالہ کھڑ کی ایک پارٹی نے کرالہ کھڑ چوک پر ایک ناکے کے دوران ایک گاڑی کو روکا جس میں ندیم شفیع کاشانی ولد محمد شفیع کاشانی ساکن ستھو پائین بر برشاہ اور عاشق احمد ہنڈو ولد مرحوم غلام رسول ہنڈو ساکن آبی کرپورہ ڈلگیٹ حال ہمدانیہ کالونی بمنہ سوار تھے ۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے۴گرام ہیرائن بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو گرفتار کیا گیا اور اس جرم کیلئے استعمال کی جانی والی گاڑی کو ضبط کیا گیا۔
اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن صفا کدل کی ایک پارٹی نے ایک ناکے پر دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن صفا کدل کی ایک پولیس پارٹی نے ایک ناکے پر دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت نبیل شوکت زرگر ولد شوکت عزیز زرگر ساکن صفا کدل ہفتہ یار بل اور شہر یار احمد میر ولد میر اشفاق احمد ساکن رتھہ پورہ عید گاہ کے طور پر کی گئی ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے کوڈین فاسفیٹ کی۱۱بوتلیں اور ٹیپینٹیڈول (ممنوعہ ادویات) کی۳۰سٹرپس برآمد کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں مقدمے درج کئے گئے اور مزید تحقیقات شروع کی گئی۔